3. حسین تم کو زمانہ سلام کہتا ہے (Urdu Lyrics)
حسین! تم کو زمانہ سلام کہتا ہے
تمہارے سجدے کو کعبہ سلام کہتا ہے
جلالِ قبۂ خضرا سلام کہتا ہے
چمن کا ہر گل و غنچہ سلام کہتا ہے
حسین! تم کو زمانہ سلام کہتا ہے
چراغ و مسجد و منبر سلام کہتے ہیں
نبی، رسول و پیمبر سلام کہتے ہیں
علی و فاطمہ، شبر سلام کہتے ہیں
خدا گواہ کہ نانا سلام کہتا ہے
حسین! تم کو زمانہ سلام کہتا ہے
خدا کی راہ میں سر کو کٹا دیا تم نے
نبی کے دین پہ گھر کو لٹا دیا تم نے
نشانِ کفر کو یکسر مٹا دیا تم نے
تمہیں خدا بھی تمہارا سلام کہتا ہے
حسین! تم کو زمانہ سلام کہتا ہے
تمہیں فلک کے ستارے سلام کہتے ہیں
تمہیں قرآن کے پارے سلام کہتے ہیں
تمہیں حرم کے مینارے سلام کہتے ہیں
امام! تم کو مدینہ سلام کہتا ہے
حسین! تم کو زمانہ سلام کہتا ہے
ثنا تمہاری وظیفہ ہے میرا آبائی
تمہاری مدح تو شیوہ ہے میرا مولائی!
بس اک نظر ہو جو مجھ پر تو میری بن آئی
تمہارا سیدِ شیدا سلام کہتا ہے
حسین! تم کو زمانہ سلام کہتا ہے